پاکستان: داعش اور ٹی ٹی پی کے 7 دہشتگرد ہلاک و گرفتار
خیبرپختونخوا کے ضلع مردان اور پنجاب میں سیکیورٹی فورسز اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور داعش کے 7 دہشتگردوں کو ہلاک و گرفتار کرلیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں آپریشنز کے دوران داعش کے اہم کمانڈر سمیت 3 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز فیصل آباد، جہلم، چکوال میں کیے اور دہشت گرد عبدالوہاب، سیف اللہ اور خرم عباس کو گرفتار کرلیا جبکہ دہشتگردوں سے دھماکا خیزمواد، 3 ڈیٹونیٹر، 2 آئی ای ڈی بم برآمد کرلیے۔
ادھر خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے 4 دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی نے مردان میں تھانہ چورہ کے حدود میں مشترکہ آپریشن کیا، اس دوران دہشتگردوں کی جانب سے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جوابی کارروائی کے نتیجے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 1970 سے اب تک 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار و افسران جاں بحق ہوئے۔
اسلام آباد میں قائم تھنک ٹینک پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پیس اسٹڈیز (پی آئی پی ایس) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں جون میں پاکستان میں 27 دہشت گرد حملے ریکارڈ کیے گئے، ان حملوں میں سے 21 خیبرپختونخوا اور 6 بلوچستان میں رپورٹ ہوئے، پچھلے ماہ ان حملوں کی تعداد 36 تھی۔
کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور دیگر مقامی طالبان گروپوں نے خیبرپختونخوا میں 21 دہشت گرد حملوں کی ذمہ داری قبول کی، ان حملوں میں 28 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 19 سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار بھی شامل تھے۔