بنگلہ دیش میں شدید سیلاب ؛ پاکستان کی مدد کی پیشکش
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش میں حالیہ شدید سیلاب پر چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کو مدد کی پیشکش کی ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے وزیراعظم کی جانب سے اس حوالے سے ارسال کردہ خط میں کہا گیا کہ بنگلہ دیش میں حالیہ تباہ کن سیلابی صورت حال پر دلی دکھ اور رنج ہے۔ وزیراعظم کا اس خط میں مزید کہنا تھا کہ اس کڑے وقت میں مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم کی ہمدردیاں بنگلہ دیشی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے اس خط میں مزید کہا کہ میں پر امید ہوں کہ بنگلہ دیش آپ کی قیادت میں اس مشکل سے جلد نکل آئے گا، اس مشکل وقت میں ہر طرح سے بنگلہ دیش کی مدد کیلئے تیار ہیں۔
دوسری جانب بنگلہ دیشی عوام ملک میں بڑے پیمانے پر سیلاب کا ذمہ دار ہندوستان کو قرار دے رہے ہیں ان کا کہنا ہے کہ ہندوستان نے اپنے ڈیموں سے پانی چھوڑ کر بنگلہ دیش میں مصنوعی سیلاب پیدا کر دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہندوستانی حکام نے تین دہائیوں میں پہلی بار تریپورہ میں ڈمبور ڈیم کے دروازے کھولے ہیں۔ بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق عبوری حکومت کے مشیر ناہیدالاسلام نے کہا ہے کہ ہندوستان نے بنگلہ دیش کو پیشگی اطلاع کے بغیر ڈیم کھول کر غیرانسانیت کا مظاہرہ کیا۔
دوسری جانب ہندوستان نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب بنیادی طور پر شدید بارشوں کی وجہ سے آیا ہے۔واضح رہے کہ بنگلا دیش کے چھ اضلاع میں سیلاب سے تقریباً اٹھارہ لاکھ افراد متاثر جب کہ آٹھ اضلاع میں تیس لاکھ افراد پھنسے ہوئے ہیں۔ اب تک پندرہ سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔