Aug ۲۷, ۲۰۲۴ ۱۵:۴۳ Asia/Tehran
  • ملک دشمنوں کےساتھ کوئی بات نہیں ہوگی: پاکستانی وزیراعظم

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ملک دشمنوں کےساتھ کسی طرح کی بات چیت سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے لئے کوئی جگہ نہيں ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: اسلام آباد میں پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمنوں کےساتھ کوئی بات نہیں ہوگی، اور اس دہشت گردی کو ختم کرنےکا وقت آپہنچا ہے۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں متعدد شہری اور سیکورٹی اہلکار جاں بحق ہوئے، انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے ہیں ۔

پاکستانی وزيراعظم نے واضح لفظوں میں کہا کہ یہ کالعدم تحریک طالبان کے وہ دہشت گرد ہیں جو افغانستان سے کارروائیاں کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرف سے افغانستان کو اس سلسلے میں نہ صرف آگاہ کیا گیا بلکہ دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیاں بھی کی گئیں۔

پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان اور چین میں فاصلے پیدا کرنا چاہتے ہيں، دہشتگردی کو ختم کرنے کے سلسلے میں تمام وسائل مہیا کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں چودہ اہلکاروں سمیت پچاس افراد کو قتل کردیا گیا تھا جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں اکیس دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔ ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات بھی نامعلوم مسلح افراد نے مستونگ، قلات، پسنی اور سنتسر میں لیویز اور پولیس تھانوں پر حملے کیے، جس کے نتیجے میں متعدد اموات ہوئیں ۔

ٹیگس