پاکستان میں تاجروں کی ہڑتال، کاروبار ٹھپ، مارکیٹیں بند
جماعت اسلامی کی کال پر سیلز ٹیکس اور تاجر دوست سکیم کیخلاف ملک بھر میں تاجر برادری کی جانب سے مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال رہا۔
سحر نیوز/ پاکستان: شٹر ڈاؤن ہڑتال کے باعث ملک بھر میں بازار، مارکیٹیں، شاپنگ سنٹرز بند رہیں ، تاجروں کی جانب سے تاجر دوست سکیم اور ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔
آل پاکستان انجمن تاجران سندھ کے صدر نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسوں اور بجلی کے بلوں میں اضافے کو مسترد کرتےہیں۔
کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان نے کہا کہ کراچی سے خیبر تک تمام تاجر تنظیمیں ہڑتال میں شامل ہیں، مسائل حل نہ ہوئے تو ہڑتال کا دورانیہ بڑھ سکتا ہے۔
پشاور میں بھی تاجروں کی جانب سے مختلف بازار بند رکھے اور تاجر یونینز نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے، ٹیکس کی شرح کم کی جائے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کامیاب ہڑتال پر تاجر برادری اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چترال سے کراچی تک کامیاب ہڑتال رہی، حکومت کو مجبور کریں گے اور اسے پیچھے ہٹنا پڑے گا، حکومت تاجر دوست کے نام پر تاجر دشمن سکیمیں متعارف کرا رہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ۔