ملک دشمنوں یا دہشتگردوں سے ڈائیلاگ نہیں ہوگا: پاکستانی وزيراعظم
پاکستانی وزير اعظم شہباز شریف نے جمعرات کو بلوچستان کی سیکورٹی کی صورت حال کا جائزہ لینے کی غرض سے کوئٹہ کا دورہ کیا ۔
سحر نیوز/ پاکستان: کوئٹہ میں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بلوچستان میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
شہباز شریف نے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کے ساتھ کسی رعایت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ہم دہشتگردوں کا صفایا کریں گے، ملک دشمنوں یا دہشتگردوں سے ڈائیلاگ نہیں ہوگا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آئین ماننے والوں سے ڈائیلاگ وقت کی ضرورت ہیں، بلوچستان میں قیام امن کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، ہم دہشتگردوں کے عزائم کو خاک میں ملائیں گے، بلوچستان میں افسران کی تعیناتی سے متعلق پالیسی بنائیں گے، بلوچستان کے افسران کو مراعات دی جائیں گی۔
اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس لمحے فیصلہ کرنا ہے کہ ہمیں اپنے پرعزم ارادے کے ساتھ دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے، بلوچستان پاکستان کا بہت خوبصورت صوبہ ہے، دہشت گرد تنظیموں اور گھس بیٹھیوں نے ناپاک اسکیم بنائی تھی، دہشت گردی نے 2018 کے بعد سر اٹھایا ہے اس کا سر کچلا جائے گا۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے دورہ کوئٹہ کے موقع پر سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ۔ پاکستان کے وزیراعظم کے دورے کے موقع پر ایئر پورٹ سمیت مختلف مقامات پر سیکیورٹی کے لیے اضافی اہلکار تعینات کیے گئے۔