پاکستان: عام شہریوں کے بعد صنعتی صارفین کےلئے بھی ریلیف؟
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ن لیگ ہی عوام کو مہنگائی اور بھاری بلوں سے نجات دلائے گی۔
سحر نیوز/ پاکستان: لاہور میں ہونے والے مسلم لیگ ن کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ عام شہریوں کے بعد صنعتی صارفین کےلئے ریلیف تلاش کر رہے ہیں. ان کا کہنا تھا کہ معیشت کو پاؤں پر کھڑا کرنا ترجیح ہے۔
ن لیگ کے اجلاس میں نواز شریف نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ ہم کام کریں اور دوسرا کوئی آکر ملک کی ترقی کو روکے اور غلط فیصلے کر کے ملکی ترقی کو ہی روند ڈالے۔
پاکستان کے سابق وزیر اعظم نوازشریف کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی ناقص پالیسیوں نے ملک کو مہنگائی میں دھکیل دیا ہے۔
قبل ازیں ملکی سیاسی صورتحال پر نواز شریف کی زیرصدارت ن لیگ کے اہم رہنماؤں کی نشست ہوئی، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس میں پاکستانی وزیر اعظم شہبازشریف نے نئی حکومتی معاشی پالیسی پر بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران ملکی سیاسی امور اور بجلی صارفین کو ریلیف دینے کے حوالے سے بات چیت کی گئی جبکہ پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی ۔