Sep ۱۲, ۲۰۲۴ ۱۵:۵۷ Asia/Tehran
  • ایران کے ساتھ اچھی ہمسائیگی اور خوشگوار تعلقات ہیں: پاکستان

پاکستان کی میزبانی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرا کا تئیسواں اجلاس اسلام آباد میں شروع ہو گیا جس میں ایران کے نائب وزیر صنعت و تجارت شریک ہوئے ہیں۔

سحر نیوز/ پاکستان: شنگھائی تعاون تنظیم کے اس اجلاس کی افتتاحی تقریب سے پاکستان کے وزیر تجارت جام کمال خان نے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد میں منعقدہ اس اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی شرکت کی قدردانی کی اور مشترکہ مسائل کا مقابلہ کرنے کے لئے رکن ممالک کے عالمی سطح پر تعاون و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان، جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مغربی ایشیا کے درمیان تجارت کا مرکز بننے کے لئے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرنے کے لئے آمادہ ہے۔

جام کمال خان نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اچھی ہمسائیگی اور خوشگوار تعلقات اور دو طرفہ تجارت کے حجم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایران کے ساتھ تجارت کی توسیع کے لئےترجیحی بنیاد پر تجارتی معاہدے پر دستخط کئے ہیں اور اس کی توجہ مشترکہ مفادات کے حصول کی کوششوں پر مرکوز ہے۔

قابل ذکر ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم سن انیس سو چھیانوے میں قائم ہوئی ہے اور اس وقت اس تنظیم میں ایران، روس، چین، ہندوستان، قزاقستان، قرقیزستان، پاکستان، تاجیکستان، اور ازبکستان اصلی رکن ممالک ہیں جبکہ افغانستان، ترکیہ، جمہوریہ آذربائیجان، ارمنستان، قطر اور سعودی عرب مبصر کی حیثیت سے شامل ہیں ۔

ٹیگس