بلوچستان میں امریکی ہتھیاروں سے دہشتگردی
پاکستان کے صوبے بلوچستان کے نئے انسپکٹر جنرل معظم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے دوران جو جدیدترین ہتھیار اور سازوسامان چھوڑا گیا وہ دہشت گردوں کے ہاتھ لگ گیا ہے اور یہی ہتھیار خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں استعمال ہو رہے ہیں۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز محمد بلوچ اور دیگر پولیس افسران کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے آئی جی معظم جاہ انصاری نے بتایا کہ پولیس فورس کے پاس جدید ہتھیاروں تک رسائی نہیں ہے جن میں نائٹ ویژن آلات اور جدید اسلحہ بھی شامل ہے جنہیں دہشت گرد اپنے حملوں میں استعمال کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد دہشت گردوں کے پاس تھرمل سینسرز، نائٹ ویژن آلات اور جدید ہتھیار ہیں اور وہ انہیں بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے حملوں میں استعمال کر رہے ہیں۔
آئی جی معظم جاہ انصاری نے بتایا کہ دہشت گردی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون دہشت گردی کی نقل و حرکت کو روکنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
پاکستان کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کا کہنا ہے کہ امریکہ پاکستان کا دوست نہیں بلکہ وہ دوستی کے لبادے میں پاکستان کیلئے آستین کا سانپ بنا ہوا ہے۔