Sep ۲۹, ۲۰۲۴ ۱۳:۴۸ Asia/Tehran
  • سید حسن نصراللہ کی شہادت اور اسرائیل کی بڑھتی ہوئی مہم جوئی سے خطے میں عدم استحکام مزید بڑھے گا: پاکستان

پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی اسرائیلی مہم جوئی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہری آبادیوں پر اسرائیلی حملے تشویشناک ہیں جب کہ حسن نصراللہ کی شہادت سے خطے میں عدم استحکام مزید بڑھے گا۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی مہم جوئی پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان لبنان کے عوام سے یکجہتی کے لیے اس کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے شہری آبادیوں پر مسلسل حملے تشویشناک ہیں، عالمی قوانین کی پامالی تشویشناک حد تک پہنچ چکی ہے، اسرائیل لبنان کی خود مختاری کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیتے ہیں کہ وہ اسرائیل کو خطے میں اس کی مہم جوئی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں سے باز رکھے اور مشرق وسطیٰ میں امن بحال کریں۔

ترجمان کے مطابق حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل حسن نصراللہ کی اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں شہادت پہلے سے غیر مستحکم خطے کو مزید خطرات سے دوچار کرے گا۔

واضح رہے کہ جمعہ کو دہشتگرد اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر شدید بمباری کی جس کے نتیجے میں حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصر اللہ اپنے ساتھیوں سمیت شہید ہو گئے۔

ٹیگس