Sep ۲۹, ۲۰۲۴ ۱۷:۱۶ Asia/Tehran
  • پاکستان: عالم اسلام کے عظیم اور نڈر مجاہد سید حسن نصراللہ کی شہادت کے خلاف ریلی پر پولیس کی شدید شیلنگ

پاکستان کے مختلف شہروں میں آج مظلومین فلسطین ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان، مجلس وحدت مسلمین اور تحریک بیداری امت مصطفی کے قائدین نے کی۔

سحر نیوز/ پاکستان: حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل اور عالم اسلام کے عظیم اور نڈر مجاہد سید حسن نصراللہ کی شہادت میں ملوث عالمی سامراج اور غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے خلاف دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی یوم احتجاج منایا گیا۔

اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ، مٹھی، وہاڑی، شہداد کوٹ، جیکب آباد، اوکاڑہ، ننکانہ، ایبٹ آباد، چنیوٹ، بھَلوال اور لوئر دیر میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔ کراچی اور لاہور میں حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ کی شہادت کے خلاف نکالے جانے والی ریلی نے امریکی قونصلیٹ کا رُخ کرلیا۔

ریلی نمائش چورنگی سے امریکی قونصلیٹ کی طرف روانہ ہونے پر امریکن قونصلیٹ جانے والے راستے سیل کردیئے گئے۔

ریلی کے مائی کولاچی روڈ پہنچنے پر مظاہرین نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے کنٹینر لگا کر راستہ بند کردیا گیا ہے۔

جس کے بعد احتجاجی ریلی میں شریک کارکنان نے دھرنا دے دیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب تک کنٹینر ہٹائیں نہیں جائیں گے دھرنا جاری رکھا جائے گا۔

پولیس کی بھاری نفری ٹاور، مائی کولاچی روڈ، گورنر ہاؤس اور سی ایم ہاؤس پر تعینات کردی گئی۔ کچھ دیر بعد پولیس کی جانب سے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ شروع کردی گئی ۔ جس کے بعد بھگدڑ مچ گئی اور کئی افراد زخمی ہو گئے۔

ریلی کی قیادت علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ باقر زیدی، علامہ حیدر عباس عابدی، علامہ عقیل موسیٰ، علامہ اصغر شہیدی سمیت دیگر علماء کر رہے ہیں۔ ریلی میں خواتین، بچوں، بزرگ اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔

ادھر لاہور میں بھی پنجاب اسمبلی ہال سے امریکی قونصلیٹ تک حمایت مظلومین فلسطین ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان، مجلس وحدت مسلمین اور تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے قائدین نے کی۔

ریلی میں لاہور اور گرد و نواح سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شرکا نے فلسطین کے پرچم، سید حسن نصراللہ کی تصاویر، بینرز اور احتجاجی پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جبکہ جگہ جگہ اسرائیلی اور امریکی پرچم سڑک پر بچھائے گئے تھے، جن کو شرکا اپنے پیروں تلے روند کر امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ اظہار برات کرتے رہے۔

ریلی کے شرکا امریکہ اور اسرائیل کے خلاف جبکہ حماس، حزب اللہ اور فلسطینیوں کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ فضا مسلسل ساڑھے 5 گھنٹے مردہ باد امریکہ، مردہ باد اسرائیل کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔

دوسری جانب جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مختلف شہروں میں شہید سید حسن نصراللہ کی غائبانہ نمازجنازہ ادا کی گئی، اس موقع پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا اسرائیل نے انسانیت کی توہین کی، کل گریٹر اسرائیل کا پھر اعلان کیا، حکومت سے درخواست ہے کہ فلسطین کے لیے کھڑے ہوجائیں۔

اسلام آباد میں بھی حسن نصراللہ شہید کی غائبانہ نمازجنازہ ادا کی گئی، جماعت اسلامی کے رہنما میاں اسلم نے حسن نصراللہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی۔

ٹیگس