Sep ۲۹, ۲۰۲۴ ۱۸:۴۹ Asia/Tehran
  • اسرائیل مسلم حکمرانوں سے نہیں سید حسن نصراللہ جیسے مسلم لیڈرز سے خوفزدہ ہے

امیر جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ دہشتگرد اسرائیل آگے بڑھ رہا ہے لیکن ہمارے حکمران خاموش ہیں۔

سحر نیوز/ پاکستان: ادارہ نورحق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ کی شہادت پر ملک بھرمیں دھرنے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سید حسن نصراللہ کی شہادت عالم اسلام کے لیے بڑا دھچکا ہے، اسرائیل کی سوچ ہے کہ وہ مزاحمتی تحریک کو ختم کرسکتا ہے، اسرائیل کے سامنے حماس اور حزب اللّٰہ سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل مسلم حکمرانوں سے نہیں مسلم لیڈرز سے خوفزدہ ہے، اسرائیل ساری کارروائیاں کرنے کے باوجود مکمل ناکام رہا ہے، اسرائیل فلسطینیوں اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کی تحریک کو ختم نہیں کرسکا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل چاہتا تھا کہ فلسطینی سرینڈر کریں لیکن اپنی لاشیں اٹھانے والے کھڑے ہیں ہمارے حکمران نہیں کھڑے، اتنا بڑا دہشتگرد اسرائیل آگے بڑھ رہا ہے لیکن ہمارے حکمران خاموش ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کیخلاف مسلم ممالک کی فوجوں کو اعلان کرنا چاہئے، وزیر اعظم شہبازشریف نے مسئلہ فلسطین پر اقوام متحدہ میں بات کی، وزیر اعظم کی گفتگو میں وہ جان نہیں تھی جو ہونی چاہیے تھی، وزیر اعظم کو پتا ہونا چاہیے کہ کونسی بات کس پلیٹ فارم پر کس طرح ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آئرش وزیر اعظم نے اسرائیل مردہ باد کا نعرہ لگایا شہباز شریف بھی یہ نعرہ لگا سکتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہمارا حکمران طبقہ امریکا کی طرف دیکھتا ہے، بدقسمتی سے مسلم حکمران اپنا کردار ادا نہیں کر رہے، پاکستانی قوم میں کنفیوژن پیدا نہ کریں، اسرائیل تو 7 اکتوبر 2023 کو شکست کھا چکا ، ان کا انٹیلی جنس سسٹم اور سب کچھ دریا برد ہوگیا ، اسرائیل اب صرف نہتے لوگوں پر حملے کر رہا ہے۔

ٹیگس