خیبرپختونخوا: فائرنگ سے ایف سی کے7 اہلکار جاں بحق 2 زخمی
جان بحق اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کو سی ایم ایچ ٹل روانہ کردیا گیا ۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کی تحصیل وسطی کرم میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 7 ایف سی اہلکار جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ضلع کرم میں وسطی کرم کے تھانہ چنارک کے علاقے پستونی میں ایف سی 154 ونگ کے اہلکار قریبی بارانی ندی میں معمول کے گشت پر تھے کہ اس دوران گھات لگائے مسلح افراد نے ایف سی اہلکاروں پر چاروں اطراف سے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 7 ایف سی اہلکار جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔ جان بحق اور زخمیوں کو سی ایم ایچ ٹل روانہ کر دیا گیا ۔
ضلع کرم کے علاقے وسطی کرم میں گذشتہ کئی ماہ سے دہشت گردی کے اس قسم کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، یہ علاقہ ضلع خیبر اور ضلع اورکزئی کے قریب واقع ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان کے اسپن وام میں سیکورٹی فورسز اور مبینہ دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت پانچ فوجی اہلکاروں سمیت جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں 6 مبینہ دہشتگرد بھی ہلاک ہوئے تھے۔