اسرائیل نے ایران پر جارحیت کر کے علاقائی امن کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے: پاکستانی وزیر اعظم
پاکستان کے وزیر اعظم نے ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت سے علاقائی امن کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت قابل تشویش ہے۔ اسرائیل کے اس جارحانہ اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیل کے اس طرح کے اقدامات سے علاقائی امن اور استحکام کو خطرات لاحق ہیں ۔ ایسی کارروائیاں عالمی قوانین اور خودمختاری کی صریح خلاف ورزیاں ہیں۔ پاکستان خطے میں قیام امن کے لیے ایران سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔
دریں اثنا پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے بھی ایک بیان میں ایران کے خلاف اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے صہیونی فوج کے حملے کو ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوجی حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، یہ حملے علاقائی امن و استحکام کے راستے کے لیے نقصان دہ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ حملے پہلے سے ہی عدم استحکام کا شکار خطے میں خطرناک حد تک کشیدگی میں اضافہ کا باعث ہیں، تنازع کے بڑھنے اور پھیلنے کا پورا ذمہ دار اسرائیل ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ ہم اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل خطے میں اسرائیلی جارحیت اور مجرمانہ رویے کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرے۔