تہران اور اسلام آباد مشترکہ سرحدوں کی سلامتی کو متاثر کرنے والے گروہوں کی سرکوبی کیلئے ایک پیج پر
پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ دہشت گردی کے مقابلے اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون جاری رہنے پر زور دیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے موقع پر ہمارے نمائندے کے سوال کے جواب میں کہا کہ تہران اور اسلام آباد مشترکہ سرحدوں کو پرامن اور دوستی کی سرحد رکھنے پر پرعزم اور متفق ہیں ۔
انہوں نے گزشتہ دنوں مشترکہ سرحدوں سے 30 کلومیٹر کے رینج میں پاکستان کی سیکیورٹی فورس کی کارروائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کی مشترکہ سرحدوں پر دہشت گردوں، اسمگلروں اور امن و سلامتی کے دشمنوں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے زور دیکر کہا کہ تہران اور اسلام آباد مشترکہ سرحدوں کو پرامن رکھنے کے لیے پرعزم ہیں اورعلاقے کی سلامتی کو متاثر کرنے والے گروہوں کی مکمل سرکوبی تک ہماری مشترکہ کوششیں جاری رہیں گی۔