سانحہ 9 مئی کیس میں شاہ محمود قریشی سمیت 21 ملزمان پر فرد جرم عائد
سانحہ 9 مئی کی منصوبہ بندی سے متعلق کیس میں شاہ محمود قریشی سمیت 21 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی گئی۔
سحر نیوز/ پاکستان: سانحہ 9 مئی سے متعلق منصوبہ بندی کا الزام میں تھانہ ریس کورس میں درج مقدمے کی سماعت کوٹ لکھپت جیل میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج نے کی۔
دوران سماعت شاہ محمود قریشی ،اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ سمیت 21ملزمان پر فرد جرم عائد کردی گئی ۔ بعد ازاں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرلیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔ اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔