پی ٹی آئی کا احتجاج، اسلام آباد جانے والے راستےسیل، موٹروے بند، امتحانات ملتوی، اسپتالوں میں ہائی الرٹ
پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد میں ریڈ زون جانے والے راستوں کو سیل کردیا گیا جبکہ اہم سرکاری عمارتوں پر رینجرز تعینات کردی گئی ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث اسلام آباد کی شاہراہوں کو مختلف مقامات سے کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ ڈی چوک میں رکھے گئے کنٹینرز پر بھی فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ پولیس ، ایف سی ، پنجاب پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری ڈی چوک پر تعینات کردی گئی۔
24 نومبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والے تمام راستے بند کردئیے گئے ہیں۔ فیص آباد کے مقام پر کنٹینرز لگا کر راستوں کو بند کر دیا گیا جبکہ روات ٹی چوک سے اسلام آباد جانے والے راستے بھی بند ہیں۔ راستوں کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
موٹر وے ایم ون اسلام آباد سے پشاور بند کردی گئی۔ موٹر وے ایم ٹو اسلام آباد سے لاہور کی انٹری بھی بند کردی گئی۔
پبلک ٹرانسپورٹ اور میٹرو بس سروس بھی بند کردی گئی ہیں۔ فیض آباد میں تمام بس اڈوں کو قناتیں لگاکر بند کردیا گیا۔
علامہ اقبال یونیورسٹی میں آج ہونے والے امتحانات ملتوی کردئیے گئے ہیں۔
ملکی صورتحال کے پیش نظر پولی کلینک اسپتال میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور ایمرجنسی سروس کوبھی ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ پولی کلینک ہسپتال کے ایمرجنسی اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ایمبولینس سروس کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔