پی ٹی آئی احتجاج: راستے اور ٹرینیں بند، کنٹینرزکی بھرمار، پورے ملک میں فورسز تعینات
تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر اس ملک کے تمام بڑے شہروں میں راستے اور ٹرینیں بند ہیں، کنٹینرزکی بھرمار ہے اور پورے ملک میں فورسز تعینات ہیں۔
سحر نیوز/ پاکستان: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی فائنل کال کے باعث اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستے بند کر دیئے گئے، مختلف علاقوں کو سیل کردیا گیا، اسلام آباد اور راولپنڈی میں متعدد مقامات پر سڑکیں بند کی گئی ہیں، ایران ایونیو مارگلہ روڈ کو دونوں اطراف سے کنٹینرز لگا کر بلاک کیا گیا ،جڑواں شہروں میں رینجرز،ایف سی ،ایلیٹ فورس اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ میٹرو بس سروس معطل اور بس اڈے بھی بند کر دیئے گئے ہیں۔
پاکستان ریلوے نے پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر لاہور، راولپنڈی اور پشاور کے درمیان تمام ٹرینیں فوری بند کر دیں۔
ریلوے سٹیشن پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی جبکہ ریلوے سٹیشن پر مسافروں کا داخلہ بھی مکمل بند کرکے اسٹیشن سیل کر دیا گیا۔
حکومت نے مظاہرین سے نمٹنے کیلئے کمر کس لی، وفاقی پولیس نے ڈی چوک کا کنٹرول سنبھال لیا، شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر پولیس اور ایف سی اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں ، فرنٹ لائن پر رہنے والی پولیس فورس کو اینٹی رائٹ کٹس ، آپریشن سامان کی فراہمی کردی گئی جبکہ چونگی نمبر26، ترنول، کٹی پہاڑی اورسنگجانی میں رینجرز تعینات ہے۔
ادھر پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر صوبائی دارالحکومت لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی کنٹینرز لگ گئے، پنجاب میں 3 دن اور بلوچستان میں 15 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی جس کے باعث ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیوں اور دھرنوں پر پابندی عائد کردی گئی۔
دوسری جانب نیکٹا نے پی ٹی آئی احتجاج کے دوران دہشتگردی کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے تھریٹ الرٹ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دہشتگرد پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے احتجاج میں دہشت گردی کر سکتے ہیں۔