آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے: پاکستانی وزیراعظم
پاکستان کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئیے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 1967ء سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے ۔
دبئی میں ورلڈ گورنمنٹس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ یہ سمٹ انسانیت کے بہتر مستقبل کے چیلنجز اور مواقع کے لیے اجتماعی غور کا موثر فورم ہے، 1967ء سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غزہ میں نسل کشی کے دوران 50 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوئے، فلسطین کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے جس میں آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، پائیدار امن صرف دو ریاستی حل سے ممکن ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان سے ملاقات ہوئی ہے، جس میں معیشت، تجارت سمیت مختلف شعبوں میں اشتراک اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر نے پاکستان وامارات کے باہمی تعاون کے مزید فروغ کے عزم کا اظہار کیا اور باہمی مفادات کی تکمیل کے لائحہ عمل و تعلقات کی مضبوطی اور اقتصادی، تجارتی اور ترقی و دیگر شعبوں میں دونوں ممالک کے مابین موجود اشتراک و تعاون پر گفتگو کی جو پائیدار اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لیے دونوں ممالک کے وژن سے ہم آہنگ ہے ۔
دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں ہونے والی پیش رفت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی بات چیت کی ۔
انہوں نے علاقائی سلامتی، استحکام اور امن کو برقرار رکھنے کے لیے دو ریاستی حل پر مبنی جامع اور دیرپا امن کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔