پاکستان: نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکہ، مولانا حامد الحق سمیت 6 افراد جاں بحق
مدرسہ جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے میں مولانا حامد الحق سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 20 افراد زخمی ہو گئے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے صوبےخیبر پختونخوا کے آئی جی کے مطابق خودکش دھماکے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں مولانا حامد الحق بھی شامل ہیں ۔ خودکش دھماکے کی تحقیقات شروع کردی ہے، جائے وقوع سے فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا خودکش تھا اور حملہ آور مسجد کے ساتھ گیٹ سے داخل ہوا۔
ذرائع کے مطابق دھماکے میں مولانا حامد الحق کو ٹارگٹ کیا گیا۔ مسجد کے ساتھ ملحقہ ایریا میں مولانا حامد الحق کو نشانہ بنایا گیا۔ اکوڑہ خٹک مدرسے میں پولیس کے 23 اہل کار ڈیوٹی پر تعینات تھے۔ مولانا حامد الحق کو 6 پولیس اہل کار سکیورٹی کے لیے فراہم کیے گئے تھے۔ اکوڑہ خٹک مدرسے کے انٹری گیٹس پر مدرسہ انتظامیہ کی بھی سکیورٹی موجود تھی۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو کی 4 ایمبولینس مع میڈیکل ٹیموں اور فائر ٹیم موقع پر پہنچیں اور 20 افراد کو نکال کر ایمبولینسوں کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے دھماکے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں دھماکا افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ اب مساجد اور مدارس بھی محفوظ نہیں رہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں نے امن وامان تباہ کردیا ہے۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔جے یو آئی کارکن اور رضا کار ہر قسم کا تعاون کریں۔ کارکن زخمیوں کے لیے زیادہ سے زیادہ خون کے عطیات دیں۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ اور مذموم دہشت گردی کی کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو پست نہیں کر سکتیں۔ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُر عزم ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اکوڑہ خٹک دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے نوشہرہ اور پشاور کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے دھماکے کے زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کے لیے عملہ الرٹ رکھنے کا حکم بھی دیا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی نوشہرہ میں مدرسہ حقانیہ اکوڑہ خٹک میں دھماکے پر اظہار مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔