Jun ۲۲, ۲۰۲۵ ۱۵:۰۲ Asia/Tehran
  • پاکستان نے ایران پر امریکی حملے کی شدید مذمت کی

پاکستان نے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر امریکا کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حملے بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں اور ایران دفاع کا حق رکھتا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان:  دفتر خارجہ پاکستان نے کہا ہے کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، خطے میں کشیدگی اور تشدد میں اضافہ انتہائی تشویشناک ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مزید کشیدگی کے سنگین علاقائی اور عالمی اثرات ہو سکتے ہیں شہری جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔پاکستان نے مطالبہ کیا کہ تمام فریقین بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری کریں، بحران کا واحد حل اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق مذاکرات اور سفارتکاری ہے۔

اپنے بیان میں پاکستانی وزارت خارجہ نے کہا کہ ہم ایک بار پھر دہراتے ہیں کہ یہ حملے بین الاقوامی قانون کے تمام اصولوں کی خلاف ورزی ہیں اور ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنا دفاع کرنے کا جائز حق حاصل ہے۔

وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جارحیت کے باعث کشیدگی اور تشدد میں اضافہ جس کی مثال نہیں ملتی، انتہائی تشویش ناک ہے، کسی بھی مزید کشیدگی کے خطے اور اس سے باہر انتہائی نقصان دہ اثرات مرتب ہوں گے۔

 

ٹیگس