پاکستان کے لئے فلسطینی عوام کی آزادی، عزتِ نفس اور خوش حالی کی بنیادی حیثیت: شہباز شریف
Oct ۱۴, ۲۰۲۵ ۱۳:۱۰ Asia/Tehran
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کی آزادی، عزتِ نفس اور خوش حالی پاکستان کے لئے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ یہ بات انھوں نے مصر سے پاکستان روانگی کے موقع پر کہی۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق مصر سے پاکستان روانگی سے پہلے وزیراعظم شہباز شریف نے شرم الشیخ میں غزہ اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپسی کے موقع پر کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی ترجیح غزہ پر مسلط نسل کُشی کے فوری خاتمے کی تھی اور ہم نے دیگر برادر اسلامی ممالک کے ساتھ اس مؤقف کو دوٹوک انداز میں پیش کیا۔
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ فلسطینی ریاست کا قیام پاکستان کی مشرقِ وسطیٰ پالیسی کی اساس ہے اور رہے گا۔
شہباز شریف غزہ امن کانفرنس میں شرکت کے لئے پیر کے روز مصر کے شہر شرم الشیخ گئے تھے۔ میاں شبہاز شریف نے اس سلسلے میں ایک پیغام میں کہا تھا کہ فلسطین کے شجاع اور ثابت قدم عوام کا حق ہے کہ وہ 1967 کی سرحدوں پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست میں زندگی گزاریں اور اس ریاست کا دارالحکومت بیت المقدس ہونا چاہئے۔