Oct ۱۵, ۲۰۲۵ ۱۶:۰۳ Asia/Tehran
  • پاک افغان سرحد پر کشیدگی جاری، دونوں طرف سے ایک دوسرے کو نقصان پہنچانے کا دعویٰ

پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی بدستور جاری ہے دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کو نقصان پہنچانے کے دعوے کیئے ہیں۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر تازہ جھڑپوں کی اطلاعات ہیں اور پاکستان نے افغانستان کے 6 ٹینک تباہ کرنے اور طالبان کو بھاری جانی نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے۔ پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر قدرے امن کے بعد تازہ جھڑپیں ہوئی ہیں اور پاکستانی فوج نے بتایا کہ شمال مغرب کا سرحدی علاقہ کرم افغان طالبان کے شدید حملوں اور فائرنگ کا نشانہ بنا جس کے فوراً بعد پاکستانی فورسز نے جوابی کارروائی کی۔

پاکستانی فوج کے دعوے کے مطابق افغان طالبان کے 6 ٹینکوں کو، ان پر سوار تمام افراد کے ساتھ، تباہ کردیا گیا اور طالبان کی کئی پوسٹوں کو بھی شدید حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ پاکستانی سیکورٹی فورسز کے مطابق افغان طالبان کی شمشاد اور نرگسار سرحدی چوکیوں کو بھی تباہ کردیا گیا، اس کارروائی میں تحریک طالبان پاکستان کے بہت سے عناصر سمیت بڑی تعداد میں سرحدی محافظ ہلاک ہو گئے۔

پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر) نے دعوی کیا ہے کہ افغان طالبان اور ٹی ٹی پی کے دھشت گردوں کی جانب سے بلوچستان کے اسپن بولدک میں 4 مقامات پر حملے کیے گئے تاہم پاک فوج کی جوابی کارروائی نے افغان طالبان کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا جب کہ پاک فوج کی کارروائی میں 15 سے 20 افغان طالبان اور ٹی ٹی پی دھشت گرد ہلاک ہوگئے۔

دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق، پاکستانی فوج کی جانب سے صوبہ قندہار کے ضلع اسپین بولدک پر کیے گئے حملے میں 12 عام شہری جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ذبیح اللہ مجاہد نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ بدھ، کی صبح پاکستانی فورسز نے ایک بار پھر ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کے ساتھ اسپین بولدک کے علاقے پر حملہ کیا۔

ذبیح اللہ مجاہد نے دعوی کیا طالبان فورسز نے پاکستانی حملے کا بھرپور جواب دیا، جس کے نتیجے میں متعدد پاکستانی فوجی مارے گئے اور ان کی چوکیوں اور مراکز پر قبضہ کیا گیا اور اسلحہ و ٹینک طالبان کے قبضے میں آگئے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ لڑائی صبح 8 بجے ختم ہوئی۔

ادھر قندہار کے مقامی ذرائع نے بتایا کہ جھڑپیں صبح 4 بجے شروع ہوئیں اور تقریباً 8 بجے کے بعد رک گئیں۔ ان ذرائع کے مطابق، جھڑپ میں دونوں جانب جانی نقصان کے ساتھ ساتھ عام شہری بھی متاثر ہوئے۔ صوبہ قندہار کے طبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اب تک 25 لاشیں اور 80 سے زائد زخمی اسپتالوں میں منتقل کیے جا چکے ہیں۔

 

ٹیگس