Oct ۱۶, ۲۰۲۵ ۰۹:۰۳ Asia/Tehran
  • پاکستان: سوات ایکسپریس وے پر دردناک سڑک حادثہ،  15 خانہ بدوش جاں بحق

پاکستان میں سوات ایکسپریس وے پر درد ناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں ایک ٹرک گہری کھائی میں گرجانے سے 15 خانہ بدوش جاں بحق ہوگئے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ملاکنڈ میں سوات ایکسپریس کی ٹنل نمبر 3 کے قریب خانہ بدوشوں کا ایک ٹرک گہری کھائی میں جا گرا جس کے نتیجے میں 15 خانہ بدوش حاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر بچے ہیں۔

امدادی کارکنوں نے بتایا کہ حادثے میں جو 8 افراد زخمی ہوئے ہیں انھیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ملاکنڈ کی میڈیکل ریسپانس ٹیم ایمبولینسوں کے ساتھ فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی، جائے وقوعہ پر موٹروے پولیس اور عملہ بھی موجود تھا۔

مشترکہ کارروائی کے دوران موٹروے پولیس اور عملے نے بعض زخمیوں اور لاشوں کو اپنی گاڑیوں کے ذریعے ڈی ایچ کیو اسپتال بٹ خیلہ منتقل کیا جبکہ امدادی کارکنوں نے باقی متاثرہ افراد کو بھی ڈی ایچ کیو اسپتال بٹ خیلہ منتقل کردیا۔

اسپتال ذرائع نے 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی جبکہ 8 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ زخمیوں میں سے 4 شدید زخمیوں کو تشویشناک حالت کے باعث سوات بھیج دیا گیا۔

ٹیگس