Nov ۰۴, ۲۰۲۵ ۱۲:۳۱ Asia/Tehran
  • پاکستان: سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ

پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے کیس میں آج سماعت ہوئی جس میں وزیر اطلاعات عطا تارڑ بطور گواہ پیش ہوئے۔

 سحرنیوز/پاکستان:  پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق لاہور کی سیشن عدالت میں آج منگل کو وزیر اعظم شہباز شریف کے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے دعویٰ کیس میں سماعت ہوئی۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ گواہی کے لیے پیش ہوئے۔

عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانہ دعویٰ کیس کی سماعت کے دوران وفاقی وزیر عطا اللّٰہ تارڑ بطور گواہ عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے اپنا بیان قلمبند کروا دیا۔

دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے گواہی ریکارڈ نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کل کی تاریخ دے دے، بانی پی ٹی آئی کے سینئر وکیل پیش ہوں گے۔

شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کل مجھ سے خود کہا تھا وہ پیش ہوں گے، آج پتہ چلا کہ وہ اسلام آباد میں ہیں۔

عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ آج عطا تارڑ کی گواہی ریکارڈ کر لیتے ہیں اس پر جرح بعد میں کر لیجئے گا۔

عطا اللہ تارڑ نے ایڈیشنل سیشن جج یلماز غنی کے روبرو پیش ہو کر بیان میں کہا کہ شہباز شریف ایک اچھی شہرت رکھنے والے سیاست داں ہیں، کیس کے مدعا علیہ بانی پی ٹی آئی کرپشن کے کیس میں سزا یافتہ ہیں، بانی پی ٹی آئی نے 2017 میں ایک ٹی وی پروگرام میں شہباز شریف پر جھوٹے الزامات لگائے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے الزام لگایا کہ پانامہ لیکس پر انہیں 10 ارب روپے کی پیش کش ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے جانتے بوجھتے جھوٹے الزام عائد کیے، ان الزامات سے شہباز شریف کی ساکھ متاثر ہوئی۔

 

 

ٹیگس