Nov ۱۱, ۲۰۲۵ ۱۶:۱۱ Asia/Tehran
  • پاکستان: ستائیسویں آئینی ترمیم کا مسودہ قومی اسمبلی میں پیش

پاکستان کے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ستائیسویں آئینی ترمیم کا مسودہ قومی اسمبلی میں پیش کر دیا ہے۔

 سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے زیرِ صدارت ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ستائیسویں آئینی ترمیم کا بِل سینیٹ نے دو تہائی اکثریت سے پاس کیا ہے۔ آئینی ترامیم اتفاق رائے سے کی جاتی ہیں۔ مشترکہ کمیٹی میں اپوزیشن کو بیٹھنا چاہئے تھا۔

اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ اگر یہ ترمیم پاس ہوتی ہے تو موجودہ چیف جسٹس ہی آئینی کمیشن اور اداروں کی سربراہی کریں گے، صوبوں کے معاملات، آئینی مقدمات آئینی عدالت دیکھے گی، سپریم کورٹ دیوانی مقدمات سمیت کل باسٹھ ہزار سے زیادہ مقدمات سنے گا۔

دوسری جانب وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی تقریر کے دوران اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج اور نعرے بازی کی گئی۔ گزشتہ روز سینیٹ نے ستائیسویں آئینی ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور کر لی تھی۔ چیف آف ڈفینس فورسز کا عہدہ متعارف اور جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کر دیا گیا، آرمی چیف ہی چیف آف ڈفینس فورسز ہوں گے۔ وفاقی آئینی عدالت بنائی جائے گی، صدر مملکت کو تاحیات استثنیٰ حاصل ہو گا۔

 

ٹیگس