دنیا بھر میں 50 سال سے کم عمر افراد میں کینسر کے کیسز میں نمایاں اضافہ
گزشتہ 30 سالوں کے دوران دنیا بھر میں 50 سال سے کم عمر کینسر میں مبتلا افراد کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، تاہم سائنسدان اس اضافے کے پیچھے وجوہات کو پوری طرح سمجھ نہیں پائے۔
سحرنیوز/سائنس اور ٹکنالوجی: طبی جریدے ’بی ایم جے آنکولوجی‘ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق عالمی سطح پر 1990 اور 2019 کے درمیان 14 سے 49 سال کی عمر کے افراد میں کیسز کی تعداد میں تقریباً 80 فیصد اضافہ ہوا، یعنی اس دوران کینسر کے کیسز کی تعداد 18 لاکھ 20 ہزار سے بڑھ کر 30 لاکھ 26 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ 50 سال سے کم عمر افراد میں کینسر کے کیسز میں اضافہ، آبادی میں اضافے کی وجہ سے ہے۔ تاہم، اس سے قبل کی گئی تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 50 سال سے کم عمر افراد میں کینسر کی تشخیص زیادہ عام ہو رہی ہے۔
حالیہ تحقیق پر کام کرنے والے محققین نے مطالعہ کیا کہ 50 سال سے کم عمر افراد میں کینسر کا پھیلاؤ ناقص خوراک، تمباکو نوشی اور الکوحل کے زیادہ استعمال کی وجہ سے ہوسکتا ہے۔
سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر کینسر کے بڑھتے ہوئے رجحان کی صحیح وجوہات ابھی تک واضح نہیں ہوسکیں۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ 2019 میں 50 سال سے کم عمر کے 10 لاکھ سے زائد افراد کی موت، کینسر سے ہوئی تھی، جو 1990 میں ریکارڈ کی گئی تعداد سے 28 فیصد زیادہ ہے۔
اس تحقیق میں 50 سال سے کم عمر افراد میں کینسر کی مہلک ترین اقسام کی بھی نشاندہی کی گئی، مثال کے طور پر چھاتی کا کینسر، ونڈ پائپ کینسر، پھیپھڑوں، آنتوں اور پیٹ کا کینسر شامل ہیں۔ تاہم 3 دہائیوں میں چھاتی کے کینسر کی سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ کینسر کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیچھے وجوہات غیر واضح ہیں۔
محققین نے 204 ممالک میں 29 مختلف قسم کے کینسر کی شرح کا تجزیہ کرتے ہوئے 2019 کے گلوبل برڈن آف ڈیزیز اسٹڈی کے اعداد و شمار کا استعمال کیا۔
تحقیق کے مطابق ترقی یافتہ ممالک میں کینسر کا رجحان زیادہ دیکھا گیا، مطالعے میں کہا گیا کہ ملک جتنا زیادہ ترقی کرے گا ان میں 50 سال سے کم عمر لوگوں میں کینسر کی تشخیص ہونے کا امکان اتنا ہی زیادہ ہے۔ اس سے یہ تجویز کیا جا سکتا ہے کہ جن ترقی یافتہ ممالک میں صحت کی دیکھ بھال کا بہتر نظام موجود ہے وہاں کے لوگوں میں ابتدائی مرحلے میں کینسر کی تشخیص ہوسکتی ہے، لیکن صرف چند ممالک ہی 50 سال سے کم عمر کے لوگوں میں کینسر کے لیے اسکریننگ کرتے ہیں۔
ناقص خوراک، تمباکو نوشی اور الکوحل جیسے عوامل کے علاوہ جینیاتی عوامل، جسمانی سرگرمی کی کمی اور موٹاپا بھی 50 سال سے کم عمر افراد میں کینسر کے بڑھتے ہوئے رجحان میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 50 سال سے کم عمر افراد میں کینسر کے عالمی کیسز کی تعداد میں سال 2030 تک 31 فیصد اضافہ متوقع ہے، یعنی زیادہ تر 40 سے 49 سال کی عمر کے لوگ کینسر سے متاثر ہوسکتے ہیں۔