May ۲۷, ۲۰۲۱ ۱۱:۱۵ Asia/Tehran
  • امریکہ میں فائرنگ سے 8 افراد ہلاک

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے۔

وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے سان ہوزے علاقے میں ریلوے  کے ایک ملازم نے اندھا دھند فائرنگ کرکے اپنے 8 ساتھیوں کو ہلاک کردیا ۔ فائرنگ کے واقعہ میں حملہ آور بھی مارا گیا جبکہ ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے۔

شہر کے ایئرپورٹ کے پاس ہی ریلوے واقع ہے اور پولیس کے مطابق مرنے والے 9 افراد ایک ہی جگہ کام کررہے تھے جبکہ حملہ آور غالباً یہاں ٹھیکے پر کام کررہا تھا یا  پھر ملازم تھا۔ ہلاک ہونے والوں کی عمریں 29 سے 57 سال تک بتائی جاتی ہیں ۔

امریکہ میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں سالانہ ہزاروں افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں ۔

سرکاری سطح پر جاری کئے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق امریکی  سماج میں ستائیس کروڑ سے تیس کروڑ تک ہتھیار گردش کر رہے ہیں۔ یعنی ہر شخص کے پاس اوسطا ایک آتشیں ہتھیار موجود ہے۔

امریکہ میں اسلحہ کی خرید و فروخت پر کسی قسم کی پابندی نہیں ہے جس کی بنا پراس قسم کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

امریکہ کے عوامی اور سماجی حلقوں کی جانب سے ہتھیاروں کی خرید و فروخت پر پابندی کے مطالبات کے باوجود اسلحہ ساز کمپنیوں اور حکومت میں ان کی لابنگ کے نتیجے میں امریکی کانگریس کوئی موثر اقدام کرنے کی توانائی سے اب تک قاصر رہی ہے۔

امریکہ میں آتشیں ہتھیار بیچنے اور رکھنے کی کھلی چھوٹ کے باعث اس طرح کے واقعات معمول بن چکے ہیں ۔

ٹیگس