Sep ۳۰, ۲۰۲۱ ۱۰:۳۲ Asia/Tehran
  • شمالی کوریا کے خلاف سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس

امریکہ، فرانس اور برطانیہ کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلایا گیا ہے۔

فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج بروز جمعرات بند کمرے میں منعقد ہو گا جس میں معلوم نہیں کہ شمالی کوریا کے خلاف مشترکہ بیان جاری ہو گا کہ نہیں۔

شمالی کوریا نے آواز کی رفتار سے پانچ گنا تیزی سے سفر کرنے والا ہائپرسونک میزائل کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا نے گزشتہ روز ایک میزائل تجربہ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’ہائپرسونک میزائل‘ 6 ہزار 180 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرتا ہے جو آواز کی رفتار سے پانچ گنا زیادہ ہے۔

شمالی کوریا کی فوج کی جانب سے جاری بیان  میں کہا گیا ہے کہ انتہائی اسٹریٹجک اہمیت کے حامل اس میزائل کو جوہری ہتھیار لے جانے کے قابل بنایا جا رہا ہے جو ملک کے دفاع کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا اقوام متحدہ کی پابندیوں، امریکہ سے معاہدے اور جنوبی کوریا سے ڈیل کو بالائے طاق رکھتے ہوئے رواں ماہ پہلے ہی ایٹمی صلاحیتوں کے حامل کروز میزائل اور بیلسٹک میزائل کے تین تجربات کرچکا ہے۔

ٹیگس