امریکی گن کلچر نے پھر ستم ڈھایا، اسکول میں فائرنگ، 18 بچے جاں بحق+ ویڈیو
امریکی ریاست ٹیکساس کے اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں اٹھارہ کمسن بچوں سمیت اکیس افراد ہلاک ہوگئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ملزم کی فائرنگ سے دو سیکورٹی اہلکاروں سمیت چودہ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس نے اسکول میں فائرنگ کرنے والے اٹھارہ سالہ نوجوان سیلواڈور راموس کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
بعض ذرائع نے مرنے والوں کی تعداد اکیس جبکہ بعض نے انیس بتائی ہے۔ مرنے والوں میں اٹھارہ اسکولی بچوں کے علاوہ ٹیچر بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسکول میں فائرنگ سے پہلے حملہ آور کا بارڈر پولیس سے فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تھا۔ اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے بعد اٹھارہ برس کا حملہ آور اسکول میں چھپ گیا تھا۔
یاد رہے کہ امریکہ میں فائرنگ کی وارداتوں میں سالانہ کئی ہزار افراد ہلاک و زخمی ہو جاتے ہیں۔ اسلحے کی خرید و فروخت اور اُسے کھلے عام لے کر پھرنے کی آزادی کو امریکہ میں فائرنگ کے ہلاکت خیز واقعات میں اضافہ کی اہم وجہ قرار دیا جاتا ہے۔ امریکہ کے قانون ساز ادارے طاقتور اسلحہ لابی کے اثر و رسوخ کی وجہ سے تاحال، گن کنٹرول قوانین وضع کرنے سے قاصر رہے ہیں۔