Jul ۱۰, ۲۰۲۲ ۰۶:۵۹ Asia/Tehran
  • ایران، عراق، پاکستان و ہندوستان میں آج عید الاضحیٰ کی خوشیاں

آج ایران و عراق اور ہندوستان و پاکستان سمیت مختلف ممالک میں عید الاضحیٰ، عید قرباں تمام تر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

آج ذی الحجہ کی دس تاریخ ہے جو خلیل خدا حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے اور اس دن کو خدائے سبحان نے تمام انسانوں بالخصوص فرزندان اسلام کے لئے عید قرار دیا ہے۔

یہ وہی دن ہے جب خدائے سبحان نے اپنے نبی حضرت ابراہیم علیہ السلام کے خلوص و ایمان کو آزمانے کے لئے ان کا ایک سخت اور انوکھا امتحان لیا اور انہیں اپنے فرزند اسماعیل کو راہ خدا میں قربانی کرنے کا حکم دیا۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے بھی اس فریضے کی دشواری کے باوجود تمام تر خلوص کے ساتھ اپنے بیٹے اسماعیل کو راہ خدا میں قربان کرنے کا فیصلہ کیا تاہم پروردگار نے اپنی نبی ابراہیم کا خلوص آزما لینے کے بعد انہیں کامیابی کی سند عطا کی اور قربانی کے وقت ایک دنبے کو از راہ غیب بھیج کر حضرت ابراہیم کی قربانی کے اسباب فراہم کئے۔ یہ واقعہ در حقیقت دین اسلام کے پیروکاروں کو ایثار و فداکاری اور جذبہ اطاعت و بندگی کا سبق سکھاتا ہے۔

اسی مناسبت سے فرزندان اسلام ہر سال اسلامی کیلینڈر کے آخری مہینے ذی الحجہ کی دس تاریخ کو عید مناتے ہوئے، سیرت ابراہیمی کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

آج ایران، عراق، پاکستان اور ہندوستان میں فرزندان اسلام نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ عید منا رہے ہیں اور جہاں نماز عید اور قربانی کی گہما گہمی ہے وہیں لوگ اپنے آس پاس موجود نادار و تنگدست لوگوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایران,  ہندوستان اور پاکستان میں خاص جوش و ولولے کے ساتھ لوگ عید منانے میں مصروف ہیں اور  لوگوں نے بڑی تعداد نے نماز عید کی ادا ئیگی کیلئے عیدگاہوں اور مساجد  کا رخ کیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز فلسطین، یمن، شام، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت مختلف عرب و غیر عرب ممالک میں عید الاضحیٰ منائی گئی۔

سحر عالمی نیٹ ورک عید الاضحیٰ کے اس مبارک  موقع پر اپنے تمام سامعین، ناظرین اور کرم فرماوں کی خدمت میں مبارکباد پیش کرتا ہے۔

ٹیگس