Aug ۲۰, ۲۰۲۲ ۱۶:۲۵ Asia/Tehran
  • عین الاسد چھاؤنی داعشی دہشتگردوں کے لئے محفوظ پناہ گاہ

عراق کی ایک سیاسی تنظیم بدر کے رہنما نے کہا ہے کہ امریکہ کو داعش دہشتگرد گروہ کی تمام نقل و حرکت کی پوری خبر ہے اور عین الاسد فوجی چھاؤنی کے اطراف کے علاقے داعش کے لئے محفوظ پناہ گاہ بن چکے ہیں

المعلومہ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق مغربی عراق کے صوبہ الانبار میں بدر تنظیم کے دفتر کے سربراہ قصی الانباری نے کہا ہے کہ عین الاسد فوجی چھاؤنی میں موجود غاصب امریکی فوجی صحرائے الانبار میں  داعش دہشتگرد گروہ کے باقی ماندہ عناصر کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

الانباری نے کہا کہ امریکی فوج کے زیر قبضہ عین الاسد فوجی چھاؤنی کے اطراف کے علاقے داعش کی باقیات کے لئے محفوظ پناہ گاہ بن چکے ہیں۔ البدر کے دفتر کے سربراہ نے کہا کہ امریکی فوجیوں کو داعشی دہشتگردوں کے تمام اقدامات اور ان کی نقل و حرکت کی پوری خبر رہتی ہے جبکہ حشد الشعبی اور عراقی افواج  نے  داعشی باقیات کی نقل و حرکت اور دہشتگردانہ کارروائیوں کے لئے ان کی کوششوں کو کافی حد تک محدود کر دیا ہے۔ 

قابل ذکر ہے عراقی پارلیمنٹ نے اس ملک سے امریکی فوجیوں کے انخلاء کو لازمی قرار دیا ہے اور اس ملک کے سیاسی اور استقامتی گروہ پارلیمنٹ کے بل پر عمل درآمد پر زور دے رہے ہیں تاہم واشنگٹن مختلف بہانوں سے اسے ماننے سے انکار کر رہا ہے۔ تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ امریکہ ان بہانوں سے داعش کے باقیات کی مدد کر رہا ہے اور عراق میں گاہے بگاہے دہشتگردانہ حملوں کی زمین ہموار کرتا ہے۔

ٹیگس