Aug ۲۷, ۲۰۲۲ ۱۳:۰۸ Asia/Tehran
  • روس یوکرین جنگ میں ایک اور امریکی ہلاک

روس اور یوکرین کی جنگ میں ایک اور امریکی ہلاک ہوا ہے۔

ینگ جرنلسٹ کلب کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ ایک اور امریکی شہری ہلاک ہوا جبکہ یوکرین کے مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا امریکی شہری یوکرین کی فوج کے آئی 344 بریگیڈ سے ہے۔ اس طرح روس اور یوکرین کی جنگ میں اب تک 6 امریکی ہلاک ہو چکے ہیں۔

 امریکی محکمۂ خارجہ نے ایک مرتبہ پھر امریکی شہریوں کو یوکرین کا سفر نہ کرنے اور وہاں موجود اپنے شہریوں کو محفوظ مقام پر جانے کی ہدایت کی ہے۔

امریکہ نے یوکرین کے لئے تین ارب ڈالر کی نئی فوجی امداد کا اعلان کیا ہے۔ کیف کے یوم آزادی کے موقع پر امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے اعلان کردہ تین ارب ڈالر کی فوجی امداد کا  پیکج اب تک کا سب سے بڑا امریکی پیکج ہے۔ 

امریکا اب تک یوکرین کو مجموعی طور پر تیرہ ارب پانچ کروڑ ڈالر سے زائد کی فوجی امداد فراہم کر چکا ہے۔ 

یوکرین جنگ کو چھے مہینے پورے ہو گئے ہیں۔ امریکا اور یورپ یوکرین کو اب تک اربوں ڈالر کی فوجی امداد فراہم کر چکے ہیں جن میں انواع و اقسام کے جدید ترین اسلحے شامل ہیں۔

روس کا کہنا ہے کہ یوکرین کے لئے امریکا اور یورپ کی  جانب سے اسلحے کی ترسیل نے جنگ کے طول پکڑنے کے اسباب فراہم کئے ہیں۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ یوکرین کی جنگ، دوسری عالمی جنگ کے بعد یورپ میں ہونے والی سب سے بڑی جنگ شمار ہوتی ہے جس میں دونوں ممالک کے ہزاروں فوجی اور شہری مارے جا چکے ہیں۔

ٹیگس