روس نیٹو محاذ آرائی قطب شمالی تک جا پہنچی
روسی صدر کے ترجمان نے قطب شمالی میں نیٹو کی نقل و حرکت کو روس کے خلاف محاذ آرائی قرار دیا ہے۔
نیٹو کے سیکریٹری جنرل کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، روسی صدر کے ترجمان دی متری پسکوف نے کہا ہے کہ قطب شمالی میں نیٹو کی سرگرمیوں میں اضافے کا اعلان روس کے خلاف محاذ آرائی کے سوا اور کچھ نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ نیٹو کے برخلاف اس علاقے میں روس اور دیگر ملکوں کے درمیان جاری تعاون کسی کے لیے خطرہ نہیں ہے۔ نیٹو کے سیکریٹر جنرل ہینس اسٹولٹن برگ نے اپنے تازہ اشتعال انگیز بیان میں کہا ہے کہ قطب شمالی میں اس تنظیم کی سرگرمیوں میں اضافہ ضروری ہوگیا ہے۔
ماہرین کے مطابق ایسا دکھائی دیتا ہے کہ روس اور نیٹو کے درمیان محاذ آرائی کا دائرہ صرف جنگ یوکرین، یا ایشیا اور بحرالکاہل کے علاقے تک محدود نہیں رہا بلکہ دنیا کے دور ترین، حساس اور اسٹریٹیجک علاقے، قطب شمالی تک پھیل گیا ہے۔