روس نے امریکا اور اس کے اتحادیوں کو خبردار کر دیا
روس نے امریکہ اور "کیف حکومت" کے دیگر حامیوں کو سخت انتباہ دیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: روس کے وزیر خارجہ نے امریکہ اور کیف حکومت کے دیگر حامیوں اور اتحادیوں کو خبردار کیا کہ وہ روس اور یوکرین کے درمیان تنازعات میں "گہری مداخلت" سے پرہیز کریں۔
تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایسے حالات میں کہ جب واشنگٹن اور اس کے اتحادی کیف کی حمایت کر رہے ہیں اور ماسکو کے خلاف ان کا دباؤ جاری ہے، روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے یوکرین کے حامیوں کو سخت وارننگ دی۔
ماسکو کے میڈیا ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ وزیر خارجہ نے ماسکو میں ایک اہم اجلاس میں یوکرین کے بحران میں امریکہ اور اس کی مسلسل مداخلت کے بارے میں گفتگو کی۔
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے روس کی حکمراں جماعت کے اجلاس میں امریکہ اور "کیف حکومت" کے دوسرے حامیوں کو ان کی موجودگی اور مزید مداخلت کے بارے میں سختی سے خبردار کیا۔
روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ روس کی یوکرین میں خصوصی فوجی کارروائیوں سے کئی پریشان کن حقائق سامنے آئے ہیں، جن میں پینٹاگون کی جانب سے بنائی گئی لیبارٹریوں میں غیر قانونی فوجی حیاتیاتی پروگراموں کے ساتھ ساتھ ممنوعہ کیمیکلز کی تخلیق کے تجربات بھی شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان خطرناک حقائق میں زاپوروژیا جوہری پاور پلانٹ پر سب سے خطرناک توپ خانے کے حملے جاری ہیں۔