Dec ۱۸, ۲۰۲۲ ۱۷:۲۵ Asia/Tehran
  • برطانیہ کے گائیڈڈ میزائل یوکرین پہنچ گئے

برطانیہ کی وزارت دفاع نے یوکرین کو بریمسٹون- ٹو گائیڈڈ میزائل دیئے جانے کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ یہ میزائل کی ایف کو اپنے دفاع کے لئے دیئے جا رہے ہیں۔

سحرنیوز/دنیا: مغرب کی جانب سے یوکرین کو ہتھیاروں کی ترسیل کا سلسلہ پوری شدت و حدت کے ساتھ جاری ہے۔
لندن سے موصولہ خبروں کے مطابق، برطانیہ نے بھی، کی ایف کو گائیڈد میزائیلوں سے نوازا ہے۔
برطانوی وزارت دفاع کے اعلی عہدے دار اس وقت اس خبر کو تصدیق کرنے پر مجبور ہوئے جب عالمی ذرائع ابلاغ میں ان میزائلوں کو یوکرین کے حوالے کئے جانے کی خبر منظر عام پر آگئی۔
برطانیہ کی وزارت دفاع نے صفائی پیش کرتے ہوئے اس سلسلے میں ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ بریمسٹون- ٹو میزائیلوں کو، جو کہ گائیڈڈ نوعیت کے ہیں، یوکرین کی مسلح افواج کو فوجی امدادی پیکج کے تحت فراہم کیا گیا ہے۔
یوکرین کو بریمسٹون-ٹو میزائلوں کی ترسیل کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ان میزائلون کو روسی ٹینک اور بکتر بند گاڑیوں کو نشانہ بنانے کے لئے استعمال کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ یورپی ممالک نے روس کے خلاف شدید اقتصادی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ ان کا دعوی ہے کہ ماسکو کو شکست دینے کے لئے یوکرین کو بڑے پیمانے پر مختلف قسم کے ہتھیار بھی فراہم کئے جا رہے ہیں۔
دریں اثنا روس کے وزیر دفاع سرگئی شویگو نے محاذ کا دورہ کیا اور تعینات روسی فوجیوں سے ملاقات اور گفتگو کی۔
روس کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری شدہ بیان کے مطابق، شویگو جنوبی محاذ گئے، جہاں خصوصی آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔
بیان میں آیا ہے کہ اس موقع پر وزیر دفاع نے فوجیوں کی تیاری، جنگی حربوں، میدان جنگ کی صورتحال اور امدادی اور لاجسٹک سرگرمیوں کے بارے میں ضروری ہدایات پیش کیں۔
جبکہ روس کے وزیر دفاع خصوصی آپریشن کا جائزہ لے رہے تھے، امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعوی کیا کہ یوکرین نے روس کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل والیری گراسیموف کو قتل کرنے کی کوشش کی ہے، لیکن امریکہ نے جھڑپوں میں شدت آنے کے خوف سے کی ایف کو ایسی کسی حرکت سے باز رہنے کا حکم دیا ہے۔

ٹیگس