Feb ۲۶, ۲۰۲۳ ۱۰:۰۷ Asia/Tehran
  • یورپ گروپ 20 کی سرگرمیوں کو نقصان پہنچانے کے درپے: روس

روس کی وزارت خارجہ نےمغرب پر بلیک میلنگ کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ مغرب روس مخالف طریقہ استعمال کر کے G20 کو غیر مستحکم کر رہا ہے۔

سحر نیوز /دنیا: ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق روس کی وزارت خارجہ نے ہفتہ کی شب ہندوستان میں جی ٹوئنٹی کے رکن ممالک کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے سربراہوں کے اجلاس کے بعد ایک بیان میں اعلان کیا کہ ہمارے مخالفین بالخصوص امریکہ، یورپی یونین اور گروپ 7، روس کو گوشہ نشین کرنے کے لیے ہر قسم کے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔

گروپ آف 20 کے رکن ممالک کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے سربراہوں کا اجلاس ہفتے کی رات ہندوستان میں ختم ہوا۔ امریکہ اور یورپی ممالک نے اس اجلاس کی حتمی دستاویز میں یوکرین کی جنگ کا اپنا ورژن شامل کرنے کی کوشش کی لیکن چین اور روس کی مخالفت کی وجہ سے وہ ایسا کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

روسی وزارت خارجہ نے G20 وزرائے خزانہ کے اجلاس کے حتمی بیان میں یوکرین کے مسئلے کو شامل کرنے کی مغربی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ مغرب ایک بار پھر بلیک میلنگ کا سہارا لے کر G20 میں اجتماعی فیصلہ کرنے میں ناکام رہا ہے۔

روس کی وزارت خارجہ نے مزید کہا: ہم مغرب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جلد از جلد اپنے تخریبی طریقوں کو ترک کرے اور کثیر قطبی دنیا کے معروضی حقائق کو قبول کرے اور بین الاقوامی میدان میں قوموں کی خودمختاری کی مساوات کے اصولوں پر مبنی طاقت کے نئے مراکز جیسے روس کے ساتھ معمول کے تعلقات قائم کرے۔

واضح رہے کہ روس جی 20 کا رکن ہے لیکن وہ جی 7 میں شامل نہیں اور اس نے ایک سال قبل یوکرین کے خلاف خصوصی فوجی آپریشن شروع کیا۔

ٹیگس