یوکرین کے مختلف شہروں پر روس کے میزائیل حملے
روس نے یوکرین کے شہروں کی یف، خارکیف، اودسا اور بریسلاو کو آج اپنے میزائیل حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق یوکرین کے ساحلی شہر اودسا کے نواحی علاقے پر روس کے میزائیل حملے میں بھاری نقصان ہوا ہے اور اس حملے میں زاتوکا پل کو نقصان پہنچا ہے۔ جبکہ کی یف شہر میں ہوائی حملے کے خطرے کے سائرن بھی بجائے گئے۔ کہا جاتا ہے کہ کی ایف پر روس کے حملے میں کم از کم پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب امریکہ کے ایک عہدیدار نے اعتراف کیا ہے کہ منگل کے روز یوکرین پر روس کے حملے میں امریکہ کے جدید اینٹی میزائل سسٹم پیٹریاٹ کو نقصان پہنچا ہے۔
روس کی وزارت دفاع نے اس سے قبل ایک بیان میں کہا تھا کہ منگل سولہ مئی کو روس نے یوکرین پر سپر سانک میزائل کینژال سے حملہ کیا تھا جس میں امریکہ کا اینٹی میزائل سسٹم پیٹریاٹ تباہ ہو گیا۔
امریکہ کے ایک اعلی عہدیدار نے بدھ کے روز اعتراف کیا کہ امریکہ کے پیٹریاٹ میزائل سسٹم کو یوکرین پر روس کے حالیہ حملے میں نقصان پہنچا ہے۔