روس اور یوکرین کی جنگ میں مزید ہلاکتیں
یوکرین کے مشرقی شہر کراماتورسک میں گزشتہ شام روسی میزائل حملے میں مرنے والوں کی تعداد 10 ہو گئی جب کہ ملبے سے چوتھے بچے سمیت دو مزید لاشیں نکال لی گئیں۔
سحر نیوز/ دنیا: غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پولیس نے دعوی کیا کہ منگل کے روز میزائل حملے نے ریسٹورنٹ کو ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا جب کہ اس حملے میں کم از کم 61 افراد زخمی ہوئے۔
ڈونیٹسک ریجن کی ایمرجنسی سروسز کی ترجمان نے یوکرینی ٹیلی ویژن کو بتایا کہ امدادی کارکن اب تک ملبے سے 10 افراد کی لاشیں نکال چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 8 افراد کو ملبے سے زندہ ریسکیو کیا گیا اور اندازہ ہے کہ کم از کم تین مزید شہری اس میں پھنسے ہوئے ہیں۔
کراماٹورسک کے میئر نے میسجنگ ایپ ٹیلی گرام پر پوسٹ کی کہ ایک لڑکے کی لاش نکال لی گئی ،انہوں مرنے والے اس لڑکے کی عمر نہیں بتائی۔
امریکہ اور مغربی ممالک کی جانب سے یوکرین کو فوجی امداد اور ہتھیار دینے کے بعد فروری 2022 میں شروع ہونے والی روس یوکرین جنگ کے شعلے مزید بلند ہو رہے ہیں۔