امریکی صدر یورپ کے دورے پر، پہلا پڑاؤ لندن
امریکی صدر جوبایدن نے اس بار یورپ کا رخ کیا ہے اور وہ اپنے پہلے پڑاؤ لندن پہنچ گئے ہیں۔
سحر نیوز/دنیا: اطلاعات کے مطابق امریکی صدر اتوار کی شام لندن پہنچے جہاں وہ برطانوی وزیر اعظم ریشی سوناک اور بادشاہ چارلز سویم سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یوکرین جنگ دونوں ممالک کے سربراہوں کے درمیان ہونے والی گفتگو کا اہم موضوع ہے۔ لندن کے بعد امریکی صدر نیٹو کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے لیتھوانیا جائیں گے اور پھر اسکے بعد نیٹو کا نیا رکن ملک فنلینڈ ان کا آخری پڑاؤ ہوگا۔
جوبایڈن کا دورۂ لندن ایسے حالات میں انجام پا رہا ہے کہ یوکرین کو ممنوعہ کلسٹر بم دئے جانے کے معاملے میں برطانیہ اور امریکہ کی رائے میں اختلاف ہے۔ برطانوی وزیر اعظم ریشی سوناک نے ہفتے کے روز یہ اعلان کیا تھا کہ وہ کلسٹر بموں کو یوکرین کے حوالے کرنے پر مبنی واشنگٹن کے فیصلے کی حمایت نہیں کرتے۔
اس سے قبل واشنگٹن نے اعلان کیا تھا کہ وہ یوکرین کے لئے اپنی حمایت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اُسے کلسٹر بم بھی فراہم کرے گا۔
قابل ذکر ہے کہ کلسٹر بم طفل کُش بموں کے نام سے بھی مشہور ہیں اور عالمی کنوینشن کے مطابق کلسٹر بموں کی فراہمی، انکی نگہداشت اور انکا استعمال غیرقانونی ہے۔