Jul ۱۵, ۲۰۲۳ ۱۸:۳۲ Asia/Tehran
  • امریکہ میں پہلی ششماہی کے دوران ریکارڈ توڑ قتل عام

امریکہ میں سال 2023 کی پہلی ششماہی کوسال 2006 کے بعد ہلاکتوں کے حوالے سے مہلک ترین قرار دیا جا سکتا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ میں سال 2023 کے پہلے چھ مہینوں میں ہتھیاروں سے بے تحاشہ خونریزی  کے مناظر دیکھے گئے اور کم از کم 2006 کے بعد گزشتہ چھ ماہ کا عرصہ مہلک ترین ریکارڈ  کا حامل رہا۔

یکم جنوری 2023 سے 30 جون 2023 تک امریکہ میں 28 بڑے پیمانے پر قتل کے واقعات رونما ہوئے جن میں سے ایک کے علاوہ تمام ہلاکتیں آتشیں اسلحے سے کی گئیں ۔ اعدادوشمار کے مطابق  مذکورہ چھ ماہ  یعنی 181 دنوں میں 140 افراد ہلاک اور زخمی ہوئےاور صرف ایک ہی دن یعنی امریکہ کے یوم آزادی (4 جولائی) کی تعطیلات کے دوران مختلف علاقوں میں اندھا دھند فائرنگ سے کم از کم 10 افراد ہلاک اور 38 زخمی ہو گئے۔

دنیا کی تقریبا پانچ فیصد آبادی کے حامل ملک امریکہ میں اکتیس فیصد  اسلحہ موجود ہے جبکہ امریکہ میں اسلحے کے استعمال کے نتیجے میں ہر سال ہزاروں افراد ہلاک و زخمی ہو جاتے ہیں ۔  امریکہ میں ہر سو افراد کے پاس ایک سو بیس ہتھیار موجود ہیں۔

اعدادوشمار سے پتہ چلتا ہے کہ اگرچہ امریکہ دنیا کی آبادی کا تقریباً پانچ فیصد ہے لیکن دنیا میں ہتھیاروں سے اجتماعی قتل کے مرتکب افراد میں سے تقریباً اکتیس فیصد کا تعلق امریکہ سے ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ میں گن کلچر عام ہے اور وہاں آئے دن فائرنگ کے واقعات میں لوگوں کے ہلاک ہونے کی خبریں موصول ہوتی رہتی ہیں ۔ امریکہ میں اسلحے کی مضبوط لابی ہتھیاروں کو کنٹرول کرنے کا قانون بنانے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

ٹیگس