روس کے دفاعی بجٹ میں ریکارڈ توڑاضافہ
روس نے یوکرین جنگ میں امریکہ اور یورپی ممالک کی جانب سے یوکرین کی بے تحاشا فوجی امداد کے پیش نظر اپنے دفاعی بجٹ میں اضافہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا : روس کی وزارت خزانہ نے 2024 کے لیے ملک کے دفاعی بجٹ میں 70 فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے۔
فرانس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ اس ملک کے خلاف موجودہ ہائبرڈ جنگ اور یوکرین میں فوجی کارروائیوں کے تسلسل کے پیش نظر روس کے دفاعی بجٹ میں اضافہ انتہائی ضروری ہے۔
یہ خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یوکرین کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے جمعرات کو یوکرین کے مختلف علاقوں پر روسی ڈرون اور میزائل حملوں کا مقابلہ کیا ہے اور فائر کیے گئے کل چوالیس ڈرونز اور میزائلوں میں سے چونتیس ڈرونز کو تباہ کر دیا ہے۔
یوکرین نے حال ہی میں جزیرہ نما کریمیا پر اپنے حملے تیز کیے ہیں اور چند روز قبل اس نے سیواستوپول شہر میں روسی بحیرہ اسود کے بحری بیڑے کی کمانڈ کو نشانہ بنایا تھا۔
روس یوکرین جنگ اپنے 19 ویں مہینے میں داخل ہوچکی ہے اور اس دوران روس، یوکرین کے تمام مغربی حامیوں کے خلاف تنہا لڑ رہا ہے۔
یوکرین کی طرف سے امن کا کوئی امکان نظر نہ آنے کے پیش نظر روس اپنے آپ کو ایک طویل جنگ کے لیے تیار کر رہا ہے۔