Oct ۱۴, ۲۰۲۳ ۱۴:۱۳ Asia/Tehran
  • غزہ کے محاصرے نے دوسری عالمی جنگ میں نازیوں کے ہاتھوں لینین گراڈ کے محاصرے کی یاد تازہ کردی: روسی صدر

روس کے صدر نے کہا ہے کہ ماسکو غزہ کے بحران کے حل اور تنازعات کے خاتمے کے لیے، ثالثی کے لیے تیار ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے غزہ کے عوام کی مدد کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے ہاتھوں اس علاقے کا محاصرہ، ناقابل قبول اور دوسری عالمی جنگ میں نازیوں کے ہاتھوں لینین گراڈ کا محاصرہ کئے جانے جیسا ہے۔

قرقیزستان کے صوبے بشکیک میں دولت مشترکہ کے سربراہی اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں روسی صدر ولادیمیر پوتین نے عرب برادری اور عالم اسلام کے ساتھ اپنے ملک کے اچھے اور مثبت تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے فلسطینی ریاست کے قیام کے حوالے سے ماسکو کے وعدوں پر عمل درآمد پر زور دیا۔

روس کے صدر نے کہا کہ ہمیں ان شہریوں کے بارے میں سوچنا چاہیے جو ان حملوں کے باعث سخت اذیت میں ہیں ۔ ماسکو غزہ کے بحران کے حل اور تنازعات کے خاتمے کے لیے، ثالثی کے لیے تیار ہے۔

آزاد جمہوریاؤں کی دولت مشترکہ (CIS) کے سربراہان کا اجلاس جمعے کو قرقیزستان کے دارالحکومت بشکیک میں منعقد ہوا۔

واضح رہے کہ آزاد جمہوریاؤں کی دولت مشترکہ، سابق سوویت یونین کا شیرازہ بکھرنے کے بعد قائم ہوئی تھی۔ روس، آذربائیجان، آرمینیا، بیلاروس، قزاقستان، قرقیزستان،مولڈاویا، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان اس یونین کے رکن ممالک ہیں۔

ٹیگس