Oct ۲۰, ۲۰۲۳ ۲۱:۱۲ Asia/Tehran
  • گینیڈا کی وزیر خارجہ
    گینیڈا کی وزیر خارجہ

کینیڈا نے ہندوستان سے اپنے 41 سفارت کار واپس بلالئے اور بنگلورو، چنڈی گڑھ اور ممبئی میں اس نے ویزا سروس بند کردی۔

سحر نیوز/ دنیا: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق آج کینیڈا نے ہندوستان سے اپنے 41 سفارت کار اور ان کے اہل خانہ کو واپس بلا لیا۔ اطلاعات کے مطابق کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانی جولی نے آج جمعہ کو بتایا کہ کینیڈا نے ہندوستان سے اپنے 41 سفارت کار اور ان کے اہل خانہ کو واپس بلا لیا ہے۔

ہندوستان نے کچھ دن پہلے کینیڈا سے اپنے 21 سفارت کاروں کو واپس بلانے کے لئے کہا تھا اور 20 اکتوبر تک کا وقت اس کے لئے دیا تھا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق کینیڈا کے 41 سفارت کاروں کے ہندوستان سے واپس جانے پر کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانی جولی نے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ سفارت کاروں کو سیکورٹی دینی چاہئے تھی، نہ کہ اس طرح الٹی میٹم۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ بنگلورو، چنڈی گڑھ اور ممبئی میں واقع اپنے قونصل خانوں کی ویزا اور انفرادی خدمات روکنی پڑیں گی۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا نے مذکورہ تینوں شہروں میں ویزا سروس کو عارضی طور پر معطل کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ معطلی عارضی ہے اور ویزے کے خواہش مند افراد کو اب دہلی جانا پڑے گا۔

واضح رہے کہ ایک خالصتانی حامی ہردیپ سنگھ نجر کو گزشتہ 18 جون کو کینیڈا میں گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا اور کینیڈا نے ہندوستان پر اس قتل میں ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی تھی۔ ہندوستان نے کنیڈا کے اس الزام کی سختی سے تردید کی تھی۔

ٹیگس