Nov ۱۵, ۲۰۲۳ ۱۷:۰۴ Asia/Tehran
  • الشفا اسپتال سے بھی ملی اسرائیل کو مایوسی

اسرائیل کے آرمی ریڈیو کا کہنا ہے کہ الشفا ہسپتال میں ہمارے قیدیوں کا کوئی سراغ نہیں ملا ۔

سحر نیوز/ دنیا: صیہونی فوج کے ریڈیو کا کہنا ہے کہ غزہ کے الشفاء اسپتال پر چھاپے کے دوران اس اسپتال میں حماس کے قید خانے میں قیدیوں کے ہونے کے آثار نہیں ملے۔

صیہونی آرمی ریڈیو نے اطلاع دی ہے کہ الشفا اسپتال میں طوفان الاقصی آپریشن کے دوران حماس کے ہاتھوں پکڑے گئے قیدیوں کی موجودگی کے کوئی آثار نہیں ملے ہیں۔ اسرائیلی ریڈیو کا کہنا ہے کہ الشفا ہسپتال میں یرغمالیوں کے کوئی ثبوت نہیں ملے تاہم آپریشن جاری ہے اور اس آپریشن میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اسکائی نیوز کے مطابق اسرائیلی فوج کے دستوں نے غزہ کے الشفاء اسپتال پر چھاپہ مارا اور اس اسپتال کے مختلف شعبوں بشمول ایمرجنسی، سرجری، کارڈیک اور جنرل کی تلاشی لی اور متعدد ڈاکٹروں اور فلسطینی پناہ گزینوں سے پوچھ گچھ بھی کی ۔

صیہونی فوج نے یہ دعویٰ کیا کہ فوج، اس بڑے میڈیکل کمپلیکس کے ایک مخصوص حصے میں حماس کے خلاف دقیق آپریشن کر رہی ہے۔

اسرائیلی فوج نے زور دے کر کہا کہ یہ آپریشن غزہ پٹی میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا آپریشن تصور کیا جا رہا ہے۔

نتن یاہو کی کابینہ نے کوئی ثبوت فراہم کیے بغیر دعویٰ کیا ہے کہ حماس غزہ کے اسپتالوں کو اپنے فوجی اڈوں طور پر استعمال کر رہا ہے اور مزاحمت کا مرکزی کمانڈ سینٹر الشفا اسپتال کے اندر اور اس کے نیچے کھودی گئی سرنگوں میں ہے۔

حماس اور اس ہسپتال میں موجود طبی عملے نے اس کی تردید کی ہے۔

ٹیگس