Nov ۲۱, ۲۰۲۳ ۱۰:۰۱ Asia/Tehran
  • جنوبی افریقہ: صیہونی وزیراعظم کی گرفتاری پر زور

جنوبی افریقہ نے فلسطینیوں کےخلاف صیہونی حکومت کے جرائم پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے عالمی فوجداری عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کو نسل کشی کےالزام میں گرفتار کرے۔

سحرنیوز/دنیا: جنوبی افریقہ کے سابق وزیر برائے مواصلات اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز، خومبودزو انتشاوہنی نے بتایا ہے کہ ہالینڈ میں جنوبی افریقہ کے سفیر نے گزشتہ ہفتے ہیگ کی بین الاقوامی فوجداری عدالت میں، فلسطینیوں کے خلاف غاصب اسرائیل کے جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کی تحقیقات کے لیے شکایت جمع کرائی ہے۔ انتشاوہنی نےکہا کہ اس بات کے پیش نظر کہ بین الاقوامی برادری کے ایک بڑے حصے نے اسرائیلی جرائم کا مشاہدہ کیا ہے، جس میں بہت سے اسرائیلی رہنماؤں کے توسط سے غزہ میں نسل کشی کے ارادے کا آشکارا اعلان بھی شامل ہے، ایسے میں ہمیں امید ہے کہ نیتن یاہو سمیت اسرائیلی رہنماؤں کی گرفتاری کے وارنٹ جلد ہی جاری کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے گذشتہ مہینے غزہ میں اسرائيلی جرائم کو نسل کشی قرار دیتے ہوئے، اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلا لیا تھا۔ بعض خبروں کے مطابق آج غاصب اسرائیل نے بھی اپنا سفیر جنوبی افریقہ سے واپس بلا لیا ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ اس سے قبل دسیوں ہزار افراد نے جنوب مغربی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں غزہ کے عوام کی حمایت اور اسرائیلی مظالم کے خلاف مظاہرہ کیا تھا اور غزہ میں نسل کشی اور طفل کشی کی مذمت کی تھی۔

ٹیگس