Dec ۰۲, ۲۰۲۳ ۱۵:۴۱ Asia/Tehran
  • غزہ کے عوام پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ مظالم کے خلاف امریکی سینیٹ میں احتجاج

فلسطین کے حامیوں نے امریکی سینیٹ میں جمع ہو کر غزہ کے عوام پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ مظالم کے خلاف احتجاج کیا۔

سحرنیوز/ دنیا: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں فلسطین کے حامی، امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے سربراہ کے دفتر کے سامنے اکٹھا ہوئے۔ انہوں نے واشنگٹن کی جانب سے غاصب اسرائیل کی حمایت بند کئے جانے کا مطالبہ کیا۔

انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والےعرب نژاد امریکیوں اور فلسطین کے حامی بعض یہودیوں نے زور دے کر کہا کہ سنیٹ اسرائیل اور تحریک حماس کے درمیان جنگ بندی کی حمایت سے متعلق مطالبات اور سروے رپورٹوں کو نظرانداز کر رہی ہے۔

احتجاج کرنے والوں نے پلے کارڈ اٹھا کر ایسے بموں اور فوجی سازوسامان کے لئے بجٹ مختص کئے جانے سے اپنی نفرت بیزاری کا اظہار کیا جن کے ذریعے غاصب اسرائیل غزہ پٹی میں فلسطینی شہریوں کا قتل عام کرتا ہے۔

اسرائيل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف امریکہ میں ایسی حالت میں احتجاج کیا جا رہا ہے کہ جب امریکہ غزہ میں مستقل جنگ بندی کی مخالفت کر رہا ہے۔امریکہ نے غزہ پر صیہونی حکومت کے حالیہ حملوں کی ایسی حالت میں حمایت کی ہے کہ جب اقوام متحدہ کے کمشنر برائے انسانی حقوق نے کہا ہے کہ غزہ کی صورتحال ایک بحران بھی زیادہ خطرناک ہوچکی ہے۔

دوسری جانب امریکہ کے ایٹلانٹا شہر کی پولیس نے کہا ہے کہ ایک شخص نے غزہ میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ اور انسانیت سوز مظالم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ریاست جورجیا میں اسرائیل کے قونصل خانے کے سامنے خود سوزی کر لی ہے۔ ایٹلانٹا شہر کی پولیس کے بیان میں آیا ہے کہ یہ شخص اسرائیل کے قونصل خانے کے داخلی گیٹ کے سامنے دیکھا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جب اس عمارت کے گارڈ نے دیکھا کہ وہ شخص خود سوزی کرنا چاہتا ہے تو اس نے روکنے کی کوشش کی لیکن احتجاج کرنے والے شخص کے علاوہ گارڈ بھی آگ کی لپیٹ میں آگیا۔ دونوں کو ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔ احتجاج کرنے والے شخص کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

غزہ پر صیہونی حکومت کے حملوں کا نیا مرحلہ شروع ہونے کے بعد برطانیہ کی پولیس آئندہ چند گھنٹوں میں اسرائیل مخالف مظاہروں کے امکان کے پیش نظر چوکس ہوگئی ہے۔

ٹیگس