ریاض منصور:غزہ میں صیہونی حکومت کا مقصد، فلسطینی عوام کو ختم کردینا ہے
اقوام متحدہ میں فلسطین کے مندوب ریاض منصور نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں قومی تصفیے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: اقوام متحدہ میں فلسطین کے مندوب ریاض منصور نے غزہ کے بارے میں سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ غزہ میں صیہونی حکومت کی جنگ کا مقصد، فلسطینی عوام اور مسئلہ فلسطین کو ختم کردینا ہے۔ ریاض منصور نےغزہ میں فوری جنگ بندی کے لئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی درخواست پر منعقدہ سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کی مخالفت کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں غیر فوجی بالخصوص بچوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور غاصب صیہونی حکومت کے فوجی غزہ کے عوام کو برہنہ کرکے ان کی پریڈ کراتے ہیں۔ ریاض منصور نے کہا کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے ہمارے وجود اور سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ اسرائیل کو اس کام کی اجازت کیسے دی جا سکتی ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ قانون کو سب کی حمایت کرنی چاہیے اور نسل پرستی سے کام نہیں لینا چاہیے۔ اقوام متحدہ میں فلسطین کے نمائندے نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کے حملوں نے غزہ کو عملی طور پر رہائش کے قابل نہیں رکھا ہے اور اسرائیل سب کو یہاں سے نکال دینے کی فکر میں ہے۔