Dec ۰۹, ۲۰۲۳ ۱۴:۳۴ Asia/Tehran
  • نیویارک میں غزہ کے شہداء کی یاد میں یہودیوں کا اجتماع

سیکڑوں یہودیوں نے شہر نیویارک میں غزہ کے شہداء کی یاد میں اجتماع منعقد کیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: یہودیوں کی عید حنوکا یا روشنی کے جشن کی پہلی رات میں سیکڑوں یہودیوں نے نیویارک کے منہیٹن علاقےمیں واقع کولمبس اسکوائر پر غزہ کے شہداء کی یاد میں، ہاتھوں میں پلےکارڈ اٹھاکر اور نعرے لگاتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا-

اس صیہونی مخالف اجتماع کے بارے میں، اقتصادی اور نسلی انصاف کے حامی یہودیوں سے موسوم غیر سرکاری تنظیم" کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایڈری سسون نے کہا کہ یہ اقدام ہمارے لئے ایک موقع ہے تاکہ ہم اپنی آواز کو اقوام عالم تک پہنچا سکیں اور دنیا والوں کو یہ بتائيں کہ اس جنگ کی کوئی فوجی راہ حل نہیں ہے-

اس اجتماع میں ایک اٹھائیس سالہ نوجوان بن سالیوان نے بھی، اسرائیل کی جانب سے مذموم مقاصد کے لیے، اپنے جیسے یہودیوں کی شناخت کے غلط استعمال پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ اس نے مزید کہا کہ اس مسئلے سے مجھے بہت تکلیف ہو رہی ہے لیکن یہ بات امید افزا ہے کہ میں دیکھ رہا ہوں کہ میرے ہی جیسے دوسرے یہودی بھی ہیں جو میرے ہی جیسا احساس رکھتے ہیں-

واضح رہے کہ دنیا بھر کے یہودیوں نے غزہ کے عوام کے خلاف جارح اسرائیل کے حملوں میں شدت آنے کے بعد سے، اسرائیل کی مذمت میں مظاہرے کئے ہيں اور انہوں نے ان مظاہروں کے ذریعے ثابت کردیا ہے کہ وہ قدس کی غاصب حکومت کی نسل کشی کے مخالف ہيں۔

ٹیگس