اقوام متحدہ: غزہ میں صیہونی وحشیگری کے بارے میں ایک خصوصی عدالت تشکیل دیئے جانے کا مطالبہ
غزہ پر صیہونی حکومت کےوحشیانہ حملوں کے جاری رہنے کے ساتھ ہی انسان دوستانہ امور میں اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے جنگ غزہ کے حوالے سے ایک خصوصی عدالت تشکیل دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: انسان دوستانہ امور میں اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل مارٹین گریفتھس نے ایک انٹرویو میں کہا کہ غزہ کی جنگ میں سزا سے فرار بہت صاف نظر آ رہا ہے اس لئے غزہ جنگ کے تعلق سے ایک خصوصی عدالت قائم کرنے کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیماریوں کے باعث اپنی جانوں سے ہاتھ دھونے والوں کی تعداد غزہ کی پٹی پر بمباری میں شہید ہونے والوں کی تعداد سے کئی گنا زیادہ ہو سکتی ہے اور توقع ہے کہ ملبہ ہٹانے کے آغاز کے ساتھ ہی اس تعداد میں اضافہ ہوگا۔ فلسطینی حکام اور اقوام متحدہ کے ذرائع کے مطابق صیہونی حکومت کے جارحانہ حملوں کے نتیجے میں ایک غیر معمولی انسانی المیہ رونما ہونے کے علاوہ غزہ میں بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچہ بھی تباہ ہوگيا ہے اور ہزاروں شہری شہید ہوئے ہیں جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں۔