صیہونی حکومت کے خلاف نیویارک سمیت امریکہ کے مختلف شہروں میں زبردست مظاہرے
فلسطین کے حامی امریکی مظاہرین نے جنگ غزہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نیویارک اور لاس اینجلس کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کی طرف جانے والے راستوں کو بند کر دیا۔
سحرنیوز/دنیا: امریکہ میں فلسطین کے طرفدار عام شہریوں نے اسرائیل کے جرائم پر امریکی حمایت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نیویارک میں ایئرپورٹ کی طرف جانے والے راستوں میں اپنی گاڑیاں کھڑی کر دیں اور ایسے بینرز اٹھائے کہ جن پر جنگ غزہ بند کئے جانے کے مطالبات درج تھے اور وہ فلسطینیوں کے حقوق کی بحالی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ امریکی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی اور باسٹھ مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔
نیویارک اور نیوجرسی کے محکمہ بندرگاہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس نے راستے بند کرنے پر مظاہرین کو گرفتار کیا۔ اسی طرح کا احتجاج لاس اینجلس میں بھی کیا گیا اور وہاں بھی مظاہرین نے ایئرپورٹ جانے والے راستے کو اپنی گاڑیوں سے بند کر دیا۔ لاس انجلیس پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ پینتیس مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا۔ غزہ کے عوام کے خلاف صیہونی جارحیت کے آغاز اور اس جارحیت کی، حکومت امریکہ کی جانب سے حمایت کئے جانے کے وقت سے ہی امریکہ کے مختلف علاقوں میں فلسطین اور فلسطینیوں کی حمایت اور صیہونی جارحیت کی مذمت میں مظاہرے ہوتے رہے ہیں۔ مظاہرین جنگ غزہ بند اور فلسطینیوں کی خونریزی روکے جانے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔